مڈغاسکر سائیکلون سے 78 افراد ہلاک

Submitted on Wed, 03/15/2017 - 10:40

افریقہ کے جزیرہ نما ملک مڈغاسکر میں سائیکلون سے ہلاکتوں کی تعداد 78 تک پہنچ گئی، جبکہ 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق ساحلی ملک میں گزشتہ ہفتے تیز ہواؤں کے ساتھ طوفان کو گیٹیگری 4 کا قرار دیا گیا تھا، ابتدائی طور پر 200 کلومیٹر فی گھنٹہ سے چلنے والی ہواؤں کے طوفان سے 20 افراد کی ہلاکت بتائی گئی تھی لیکن اس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ طوفان سے ملک کے شمال مشرقی علاقے شدید متاثر ہوئے تھے، طوفان کی زد میں آنے والے تعلیمی ادارے، دفاتر اور عبادت گاہیں زیادہ تباہی کا شکار ہوئے، دوسری جانب ونیلا کی فصلیں بھی خراب ہو گئیں، مڈغاسکر دنیا بھر میں ونیلا کی فراہمی میں بڑا حصہ رکھتا ہے، جبکہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں ہی اس کی زیادہ پیداوار ہوتی ہے۔ خیال رہے کہ مڈغاسکر جزیرہ نما ملک ہے جس کی آبادی 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد ہے۔ مڈغاسکر کے نیشنل بیورو آف رسک اینڈ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق طوفان سے 2لاکھ 50ہزار افراد بے گھر ہوئے۔ نیشنل بیورو آف رسک اینڈ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے 78 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 20 افراد لاپتہ ہیں، جن کے حوالے سے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ طوفان سے 500 کے قریب افراد زخمی ہوئے جن میں سے اکثر ابھی زیر علاج ہیں۔ خیال رہے کہ مڈغاسکر ساحلی ملک ہونے کے باعث اکثر سمندری طوفانوںٰ کی زد میں رہتا ہے۔ مڈغاسکر میں 2012 میں آنے والے سمندری طوفان میں 112 افراد ہلاک ہوئے تھے۔