ٹاپ 10 ڈراؤنی فلمیں

Submitted on Wed, 03/15/2017 - 12:31

ہولی وڈ کی فلمیں عام طور پر ہر فرد کو دیکھنا پسند ہیں، ان فلموں میں شاندار اداکاری کے ساتھ ساتھ بہترین ایکشن بھی پیش ہوتا ہے، لیکن اگر ہولی وڈ کی کوئی خاص بات ہے تو وہ اس کی ہارر فلمیں بھی ہیں۔ ہولی وڈ جیسی ہارر فلمیں نہ تو اب تک بولی وڈ میں بنی اور نہ ہی پاکستانی فلم انڈسٹری میں اس قسم کی ڈراونی کہانیوں کو پیش کیا گیا۔ ہولی وڈ میں بننے والی ہارر فلموں نے دنیا بھر میں خوب پذیرائی حاصل کی ہے اور ساتھ ساتھ ان فلموں نے باکس آفس پر خاصہ شاندار بزنس بھی کیا۔ ان فلموں کی بہترین کمائی اور عوام کی ہارر فلموں میں لی جانے والی دلچسپی کے بعد ہولی وڈ میں ہارر فلمیں بنانے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔ اس لیے یہاں ہولی وڈ کی اب تک کی سب سے زیادہ کمائی حاصل کرنے والی 10 بہترین فلموں فہرست ترتیب دی گئی ہے، جنہیں دیکھ کر یقیناً آپ بھی کئی راتوں تک سو نہیں پائیں ہوں گے:

10- شٹر آئی لینڈ (2010)
اس فلم میں 1954 کا دور پیش کیا گیا جہاں ایک قاتل مریض ہسپتال سے فرار ہو جاتا ہے، جس کے بعد امریکی مارشل اس کی تلاش کرتے ہیں۔
فلم میں ہولی وڈ اداکارہ لیونارڈو ڈی کیپریو نے مرکزی کردار ادا کیا۔ اس فلم نے 29 کروڑ 48 لاکھ 4ہزار 1 سو 95 ڈالر یعنی 30 ارب 90 کروڑ 46 لاکھ 24ہزار پاکستانی روپے کمائے۔

9- وین ہیلسنگ (2004)
اس فلم کا شمار مکمل ہارر فلموں میں تو نہیں کیا جاتا لیکن اس کی رازدار کہانی شائقین کو بےتاب رکھتی ہے۔ اس فلم میں وین ہیلسنگ نامی ایک شخص کو کئی برائیوں کے خاتمے کے لیے ٹرانسلوانیا منتقل کیا جاتا ہے، جس کے آگے کی کہانی کافی دلچسپ ہے۔ اس ہارر فلم کو 30 کروڑ 2 لاکھ 57 ہزار 4سو 75 ڈالر ملے جو کہ 31 ارب 47 کروڑ 59 لاکھ 91 ہزار پاکستانی روپے بنتے ہیں۔

8- دی کونجورنگ (2013)
فلم ‘دی کونجورنگ’ 2013 کی کامیاب ہارر فلم قرار پائی تھی، اس فلم میں ایک خاتون پر بھوت چڑھ جاتا ہے جب وہ اپنی فیملی کے ساتھ ایک نئے مکان میں رہنا شروع کرتی ہیں، جس کے بعد دو پادری ایڈ اور لورین ان کی مدد کرتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ فلم سچی کہانی پر مبنی ہے۔ اس فلم نے 31 کروڑ 80 لاکھ ایک سو 41 ڈالر یعنی 33 ارب 33 کروڑ 53 لاکھ 55 ہزار پاکستانی روپے کمائے۔

7- دی کونجورنگ 2 (2016)
فلم ‘دی کونجورنگ-2’ ایڈ اور لورین نامی 2 پادریوں کا ایک اور کیس تھا، یہ دونوں ایک خاتون اور ان کی چار بیٹیوں کی مدد کرتے ہیں جن کے گھر میں ایک خوفناک روح کا ڈیرا ہے، اس فلم کی کہانی کافی ڈراونی ہے جسے اکیلے دیکھنا کافی مشکل مانا جاتا ہے۔ اس ہارر فلم نے 32 کروڑ 1 لاکھ 70 ہزار 8 ڈالر کمائے جو کہ 33 ارب 56 کروڑ 34 لاکھ 22 ہزار پاکستانی روپے بنتے ہیں۔

6- سیون (1995)
1995 کی فلم ‘سیون’ میں اداکارہ مارگن فری مین اور بریڈ پٹ نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، یہ فلم اپنے سال کی کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی تھی۔
اس فلم میں دو جاسوس ایک قاتل کو پکڑنے کی کوشش کرتے ہیں جو پاگل ہے اور کئی جرائم کر چکا ہے۔ اس فلم نے 32 کروڑ 73 لاکھ 11 ہزار 8 سو 59 ڈالر یعنی 34 ارب 31 کروڑ 21 لاکھ پاکستانی روپے حاصل کیے۔

5- ہینبل (2001)
2001 کی یہ فلم جرائم اور ایک راز پر مبنی کہانی ہے جو ایک قتل کا بدلہ لینے کے گرد گھومتی ہے، اس فلم کو ہولی وڈ کے کئی ایوارڈز میں نامزد کیا گیا، جس نے متعدد شوز میں 8 ایوارڈز حاصل کیے۔ اس فلم نے 35 کروڑ 16 لاکھ 92 ہزار 2 سو 68 ڈالر حاصل کیے جو کہ 36 ارب 86 کروڑ 79 لاکھ پاکستانی روپے بنتے ہیں۔

4- سائنز (2002)
اس فلم کی کہانی ایک ایسی شخص کے گرد گھومتی ہے جو اپنی بیوی کی ایک حادثے میں موت کے بعد خدا پر سے اپنا بھروسہ ہٹا دیتا ہے، وہ ایک فارم ہاؤس میں اپنی فیملی کے ساتھ زندگی گزارتا جہاں ان کے ساتھ کچھ عجیب واقعات پیش آنے لگتے۔ فلم نے 40 کروڑ 82 لاکھ 47 ہزار 9 سو 17 ڈالر یعنی 42 ارب 79 کروڑ 66 لاکھ 29 ہزار پاکستانی روپے حاصل کیے۔

3- دی ایگزورزسٹ (1973)
‘دی ایگزورزسٹ’ اپنے سال کی کامیاب فلم تھی، اس فلم میں ایک نوجوان لڑکی پر بھوت سوار ہو جاتا ہے جسے بچانے کے لیے اس کی ماں دو پادریوں کی مدد لیتی ہے۔ اس فلم نے 44 کروڑ 13 لاکھ 6 ہزار ایک سو 45 ڈالر کمائے جو کہ 46 ارب 26 کروڑ 21 لاکھ 23 ہزار پاکستانی روپے پنتے ہیں۔

2- جاز (1975)
یہ ہارر سے زیادہ ایک راز پر مبنی ڈرامائی فلم تھی، جس نے 3 آسکر ایوارڈز حاصل کیے، اس فلم میں شارک کے جان لیوا حملوں اور اسے ختم کرنے کو پیش کیا گیا۔ اس فلم نے 47 کروڑ 6 لاکھ 53 ہزار ڈالر یعنی 49 ارب 33 کروڑ 85 لاکھ 54 ہزار پاکستانی روپے حاصل کیے۔

1- دی سکستھ سینس (1999)
فلم ‘دی سکستھ سینس’ ایک ایسے شخص کی کہانی پر مبنی ہے جو بچوں کا نفسیاتی معالج ہے، اس کی ملاقات ایک ایسے بچے سے ہوتی ہے جو روحوں سے باتیں کرتا تھا، اور اس کی صحتیابی کا آخری سہارا یہ ڈاکٹر تھا۔ اس فلم نے 67 کروڑ 28 لاکھ 6 ہزار 2 سو 92 ڈالر کمائے جو کہ 70 ارب 53 کروڑ 2 لاکھ 83 ہزار 5 سو 90 پاکستانی روپے بنتے ہیں۔